15 جون ، 2012
کراچی … وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عام آدمی کے مفاد میں ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاوٴس کراچی سے جاری بیان کے مطابق سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مذکورہ فیصلہ عوامی نوعیت کا ہے اور مجموعی طور پر دیگر اشیاء کی قیمتوں کا انحصار پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات پر ہے، ان میں کمی، ٹرانسپورٹ کے کرایہ و غیرہ میں بھی کمی واقع ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا جن کے فوری فیصلے کی بدولت پاکستان کے عوام کو ریلیف حاصل ہوگا۔