15 جون ، 2012
کراچی … جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی پر عالمی برادری، انسانی حقوق کے علمبرداروں، مسلم حکمرانوں، او آئی سی کی مجرمانہ خاموشی ناقابل برداشت ہے۔ پریس کلب پر برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام کراچی کے تحت احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برما میں مسلم مٹاو پالیسی کے تحت مسلمانوں کا قتل عام اور ان کی آبادیوں پر حملے ہورہے ہیں ، قاری عثمان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ برما کے مظلوم مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے اور اس ظلم کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ، ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام پوری دنیا کے مظلوم مسلمانوں کی ترجمان ہے ، عالمی برادری سے بھی اپیل ہے کہ وہ برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کو روکے اور اقوام متحدہ امریکی لونڈی کا کردار ادا کرنے کے بجائیبرما میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کے خلاف نوٹس لے کر مسلمانوں کے قتل عام کو بند کرائے ۔