15 جون ، 2012
روہڑی … روہڑی میں مخالفین کی جانب سے پلاٹ خالی کرائے جانے کے دوران دھکم پیل سے 70 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے پلاٹ خالی کرانے والے گروپ کے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق سخی دین پناہ میں قاسم بیرڑو اور ان کے ساتھیوں نے پولیس کے چند اہلکاروں کے ہمراہ پلاٹ کو خالی کرانے کی کوشش کی، جس پر 70 سالہ مسمات شمشاد بیگم اور ان کے اہل خانہ رہائش پذیر تھے، اس دوران وہاں دھکم پیل ہوئی جس میں مسمات شمشاد بیگم گر گئی اور اس نے دم توڑ دیا۔ اس واقعے کے خلاف میرانی اور شیخ برادری نے روہڑی بس اسٹاپ پر متوفی خاتون کی لاش رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا اور ٹائروں کو نذر آتش کیا، جس کے باعث سکھر، روہڑی کے درمیان ٹریفک معطل ہوگیا۔ پولیس نے 4افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔