پاکستان
15 جون ، 2012

حضرت فاطمہ کا نام رہتی دنیا تک امہ کے لیے روشن مثال بنا رہے گا،صدر زرداری

حضرت فاطمہ کا نام رہتی دنیا تک امہ کے لیے روشن مثال بنا رہے گا،صدر زرداری

لندن …صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کے عمومی مسائل کا حل اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ صدر زرداری کا یہ بیان لندن کے ہاوس آف لارڈز میں منعقد حضرت فاطمہ زہراکانفرنس میں پڑھ کرسنایاگیا۔کانفرنس کااہتمام انٹرنیشنل امام حسین کونسل کی جانب سے کیا گیا تھا۔ صدر پاکستان کے بیان میں کہا گیا کہ حضرت فاطمہ زہرا کا نام رہتی دنیا تک تمام مسلم امہ کے لیے روشن مثال بنا رہے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کونسل کی خدمات قابل تعریف ہیں۔کونسل کی چیئر پرسن بیرسٹر رباب مہدی رضوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ کا نام دنیا بھر کی خواتین کو موجودہ دور کی مشکلات سے نمٹنے میں مدددیتا ہے۔تقریب سے لندن کے بشپ نے بھی خطاب کیا جن کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ایسی دنیا کا تصور ہی بے حد خوشگوار ہے جہاں حضرت فاطمہ جیسی خصوصیات کی حامل شخصیات رہتی ہوں۔تقریب میں معروف ہندو اسکالرزنے بھی خطاب کیا اور خواتین کو بی بی فاطمہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آگے آنے کی تلقین کی۔مشہور مصنف سارہ جوزف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ماضی کی انہی ہستیوں کو مثال بنا کر ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :