15 جون ، 2012
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری مسلسل ٹارگٹ کلنگ انتہائی تشویشناک ہے ،اہلیان کراچی انتہائی دردناک صورت حال سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں قیام امن کیلئے بلا امتیاز سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ باچا خان مرکز سے جاری بیان میں ترجمان اے این پی کا کہنا ہے کہ ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے جمہوری قوتوں، عدلیہ اور میڈیا نے ملکر بے پناہ قربانیوں کے بعد ملک سے آمریت کا خاتمہ کیا ہے، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ٹکراوٴ کی فضاء تیار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ترجمان عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے مطابق حالات نے ثابت کردیا ہے کہ تمام اداروں کا احتساب ہونا چاہئے، ملک کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی ہے جس کے خلاف ہم سب کو یک آواز ہونا پڑے گا، الزام تراشیوں اور پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔