16 جون ، 2012
حیدرآباد ... حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں سیاسی کارکن سمیت دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حیدرآباد کے علاقے حالی روڈ شفیق کالونی میں فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سیاسی جماعت کا جھنڈا لگانے پر دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں سیاسی جماعت کا ایک کارکن مجاہد تنیو ہلاک اور دو کارکن کامران اور مصطفے سولنگی شدید زخمی ہوگئے۔واقعہ کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی کے باعث پولیس اور رینجرزکو تعینات کردیاگیا۔دوسرا واقعہ ہالہ ناکہ کے قریب گوٹھ گوپانگ میں پیش آیا جب نامعلوم افراد نے عطائی ڈاکٹر انتظار خشک کو اغوا ء کرلیا اور بعد میں فائرنگ کرکے ہٹھڑی بائی پاس پر پھینک کر فرار ہوگئے ،جو اسپتال جاکر دم توڑ گیا۔ پنیاری اور سرے گھاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔