16 جون ، 2012
پشاور … پیپلزپارٹی شیرپاوٴکے سربراہ آفتاب شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ پختونوں کو آج جن مسائل کاسامنا ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، حکومت ”کیا کھویا کیا پایا“ کے نظریئے کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی مرتب کرے، عالمی سطح پرحکومت نے پختونوں کی درست ترجمانی نہیں کی۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب شیرپاوٴ نے کہا کہ فاٹا اور خیبرپختونخوا کے مسائل ملک کے دیگر حصوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہیں اور پختونوں کو ان کے وسائل سے فائدہ اٹھانے نہیں دیا جارہا، عالمی سطح پرحکومت نے پختونوں کی درست ترجمانی نہیں کی۔ آفتاب شیرپاوٴ نے کہاکہ پن بجلی منافع کی مدمیں صوبے کو ایک سال سے ادائیگی نہیں کی گئی اور جورقم صوبے کو ملی وہ بھی صحیح طریقے سے خرچ نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان سے امریکی انخلاء کے پاکستان پر اثرات پڑیں گے لیکن حکومت نے اس سلسلے میں ہوم ورک نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں کوئی آپریشن کامیاب نہیں ہوا اور باجوڑ، مہمند اور وزیرستان ایجنسی ابھی تک کلیئر نہیں ہوئے۔