پاکستان
03 ستمبر ، 2016

نواز شریف اگلا الیکشن خریدنے کے لیے زور لگائیں گے، عمران

حارث منیر...چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اگلا الیکشن خریدیں گے اور پورا زور لگائیں گے، انہیں پتہ ہے کہ الیکشن ہار گئے تو سیدھا جیل جائیں گے، جب ادارے کرپٹ ہوجائیں تو ملک تباہ ہو جاتے ہیں ،قوم سن لے،یہ فیصلہ کن وقت ہے۔

ریلی شاہدرہ سے شروع ہوئی جس کے شرکاء چیئرنگ کراس کی طرف رواں دواں ہیں، اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے لاہورکے علاقے شاہدرہ میں احتساب ریلی سے خطاب کیا، ان کا کہناتھاکہ چیئرمین نیب سن لیں، انہوں نے اللہ کو جواب دینا ہے، نواز شریف کو نہیں،پاناما لیکس میں جن لوگوں کے نام آئے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک سڑکوں پر رہیں گے جب تک انصاف نہیں ملتا،پوری قوم نکلے اور نواز شریف سے حساب لے۔

عمران خان نے کہا کہ انہیں یہ بھی پتا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر ہر مہینے کتنے پیسے دبئی بھیجتے ہیں،اگر چیئرمین ایف بی آر میں غیرت ہے تو ان تمام لوگوں کو نوٹس بھیجیں جن کے نام پاناما لیکس میں آئے۔

انہوں نے چیئرمین ایف بی آر سے کہا کہ آپ میں جرات ہی نہیں کہ نواز شریف کے خاندان کو نوٹس بھیجیں۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کو الیکشن کمیشن پی ایم ایل این قرار دے دیا، ایف آئی اے پر بھی کڑی تنقید کی۔

اس سے قبل اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہناتھا کہ جب وزیراعظم کرپشن کرے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے ،الیکشن کمیشن ، نیب اور ایف بی آر اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کا مقصد صرف پیسہ بنانا ہے، یہ لوگ ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر بھیج رہے ہیں۔

لاہور میں چیئرنگ کراس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں میں بھرپور جوش وخروش ہے، کوئی بھنگڑے ڈال رہا ہے تو کوئی نعرے لگا رہا ہے، خواتین کارکنوں کا جوش و جذبہ بھی قابل دید ہے۔

مزید خبریں :