25 مئی ، 2025
وٹامن ڈی ایک ایسا غذائی جز ہے جو ہماری صحت اور مدافعتی نظام کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔
وٹامن ڈی سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں، ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے جبکہ اچھی نیند کا حصول آسان ہو جاتا ہے۔
مگر دنیا بھر میں کروڑوں افراد وٹامن ڈی کی کمی کے شکار ہوتے ہیں۔
اب انکشاف ہوا ہے کہ جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار حیاتیاتی عمر کی رفتار کو سست کر دیتی ہے۔
خیال رہے کہ ویسے تو ہر فرد کی عمر کا تعین تاریخ پیدائش (کرانیکل ایج) سے کیا جاتا ہے مگر طبی لحاظ سے ایک حیاتیاتی عمر (بائیولوجیکل ایج) بھی ہوتی ہے جو جسمانی اور ذہنی افعال کی عمر کے مطابق ہوتی ہے۔
جینز، طرز زندگی اور دیگر عناصر اس حیاتیاتی عمر پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ عمر جتنی زیادہ ہوگی مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔
امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی سے ٹیلومیئرز کی لمبائی کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلومیئرز کروموسومز کے ایسے حفاظتی کیپس (caps) ہوتے ہیں جو ڈی این اے کو نقصان سے بچاتے ہیں۔
اگر ٹیلومیئرز کی لمبائی مختصر ہوجائے تو بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہوجاتا ہے۔
عمر میں اضافے کے ساتھ قدرتی طور پر ٹیلومیئرز کی لمبائی گھٹ جاتی ہے مگر مخصوص امراض جیسے کینسر یا طرز زندگی کی چند عادات سے یہ عمل تیز رفتار ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 1054 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کے جسم میں وٹامن ڈی اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کی سطح کا جائزہ لے کر دیکھا گیا کہ اس سے ٹیلومیئرز کی لمبائی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور حیاتیاتی عمر کی رفتار بڑھتی ہے یا سست ہو جاتی ہے۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 5 سال تک لیا گیا اور پہلے دوسرے پھر چوتھے سال ان کے ٹیلومیئرز کی لمبائی کو جانچا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے ٹیلومیئرز کی لمبائی پر کوئی خاص اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
مگر وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس کے استعمال سے ٹیلومیئرز کی لمبائی گھٹنے کا عمل نمایاں حد تک سست ہو گیا اور حیاتیاتی عمر 3 سال تک کم ہوگئی۔
محققین نے بتایا کہ حیاتیاتی عمر کی رفتار سست ہونے سے اوسط عمر بڑھتی ہے جبکہ معیار زندگی بہتر ہوتا ہے جس سے متعدد امراض کا خطرہ بھی گھٹ جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس سے حیاتیاتی عمر کی رفتار کو سست کیا جاسکتا ہے، البتہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ وٹامن ڈی کے فوائد کے حوالے سے گزشتہ برسوں میں متعدد تحقیقی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
اکتوبر 2024 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس کے استعمال سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔
اسی طرح ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ وٹامن ڈی سے دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
جولائی 2020 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ہائی بلڈ شوگر کے شکار افراد اگر وٹامن ڈی سپلیمنٹس کا استعمال کریں تو ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
وٹامن ڈی کو ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے جبکہ جسم میں اس کی کمی کو دائمی ورم سے بھی منسلک کیا جاتا ہے۔