16 جون ، 2012
کراچی … وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے اس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی، تحریک انصاف سخت گرمی میں عوام کو پریشان نہ کرے۔ نیو سندھ سیکریٹریٹ میں امن و امان کے حوالے سے ایس ایس پی ساوٴتھ آصف اعجاز شیخ کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن عدلیہ کی بحالی کا تاج ہیں، و ہ قوم کے ہیرو ہیں، ان پر پابندی زیادتی ہے، ان کا ہر شہری احترام کرتا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے حکومت اور اتحادی جماعتیں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ شہر کا پرانا مسئلہ ہے جو اب ناسور بنتا جارہا ہے، اس کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ شہریوں اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لین دین کے معاملے میں ذاتی دشمنیوں کوبھی اب ٹارگٹ کلنگ کا رنگ دیا جارہا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ٹارگٹ کلرز اور 39 مفرور ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس جنوری سے اب تک 50 سے زائد ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرچکی ہے ۔