16 جون ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے سائٹ ایریا سے مسافر بسوں میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان کو اسلحہ اور چھینے گئے سامان سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اے ایس پی سائٹ کامران نواز نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سائٹ ایریا کے علاقے میں حبیب بینک چورنگی سے بنارس چوک تک چلنے والی مسافر بسوں میں لوٹ مار، اسٹریٹ کرائم اور سائٹ ایریا میں بینکوں سے رقوم لیکر نکلنے والوں کو لوٹنے والے 6 ملزمان کو مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں سے 3 ملزمان پہلے بھی جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں جبکہ ایک مفرور ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور دیگر اشیاء برآمد کرکے تھانہ سائٹ اے میں مقدمات درج کرلئے ہیں۔