05 ستمبر ، 2016
افضل ندیم ڈوگر.....کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں لڑکی کا رشتہ نہ دینے پر ایک نوجوان نے گھر میں گھس کر 2خواتین کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں شاہ فیصل چوک کے ایک گھرسے 2 خواتین سنبل اور صدف کی لاشیں ملیں، دونوں خواتین کو تیز دھار آلے کے پے درپے وار سے قتل کیا گیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں خواتین کی عمریں 30 سے 35 سال کےدرمیان تھیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں لڑکیوں کو قتل کرنے والا ملزم انیس کو گرفتار کرلیا گیا ہے،جو واردات کے بعد گھر میں پانی کے ڈرم میں چھپا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم انیس مقتولہ سنبل کی بہن نسیمہ سے شادی کرنا چاہتا تھا مگر نسیمہ کے گھر والے انیس کو رشتہ دینے پرراضی نہیں تھے ،جس پر مشتعل ہوکر اس نے یہ کارروائی کی۔ پولیس مزیدتفتیش کر رہی ہے۔