18 جون ، 2012
کراچی … پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی میں سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا، ریڈ زون میں ریلی نکالنے کے اعلان پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے گورنر ہاوٴس فوارہ چوک کے قریب جمع ہوئے اور آزادعدلیہ کے حق میں نعرے لگائے، اس دوران تلخ کلامی کے بعد پولیس نے مظاہرین پر تشدد اور لاٹھی چارج کیا اور واٹر کینن کے ذریعے پانی پھینک کر منتشر کیا۔ پولیس نے مظاہرے میں شریک تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین نے ریڈ زون کی خلاف ورزی کی۔ تحریک انصاف کے رہنماوٴں کے مطابق پولیس نے منصوبہ بندی کے تحت پر امن مظاہرے کے شرکاء پر تشدد کیا۔ ان کا کہناتھاکہ تحریک انصاف کے سونامی کو حکومت کا پانی نہیں بہا سکتا، پولیس تشدد کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی جبکہ شاہراہ فیصل پر بھی احتجاجی دھرنا دیا گیا۔