05 اکتوبر ، 2016
پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے تک بھارت سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، پہل بھی بھارت کو کرنا ہو گی، مشیر قومی سلامتی کو بھارت سے رابطے جاری رکھنے کی بھی ہدایت جاری کردی۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ اب تعلقات کی بحالی کیلئےبھارت کوناصرف پہل کرناہوگی بلکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنی ہوں گی، مقبوضہ وادی کےعوام کیلئے بہترفضا قائم کرنی ہو گی، بھارت کو سرحدی خلاف ورزیاں روکنے کا بھی عملی مظاہرہ کرنا ہو گا ۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہواکہ مشیرقومی سلامتی اپنے بھارتی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کرکےتفصیلات سےآگاہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشیرقومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نےبریفنگ دی کہ بھارتی ہم منصب اجیت دول نے پیشکش کی کہ اب کہیں ملتے ہیں۔
اجلاس میں اس پیشکش پر بھی تفصیلی غورکے بعد اتفاق کیاگیاکہ بھارتی مشیر قومی سلامتی سے ابھی ملاقات مناسب نہیں، ملاقات سے تاثر جائے گا کہ سرحد پر فوجی شہید ہو رہے ہیں اور دوسری طرف ملاقاتیں ہو رہی ہیں،ملاقات سےیہ پیغام بھی جائےگا کہ کشمیری گولی کھا رہے ہیں اور پاکستان بھارت سے پینگیں بڑھا رہاہے۔
تاہم قیادت نےناصر جنجوعہ کو بھارتی منصب سے ٹیلی فونک رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ بھارت کی طرف سے عملی اقدامات اٹھائے جانے پر معاملات آگے بڑھ سکیں۔