07 اکتوبر ، 2016
شہاب عمر.....ضلع بولان کےعلاقے مچھ میں ریلوے ٹریک پر2 بم دھماکوں میں5 مسافر جاں بحق جبکہ 21زخمی ہوگئے۔
دھماکے مچھ میں آب گم کےقریب کوئٹہ سبی سیکشن پر اس وقت ہوئے، جب وہاں سے کوئٹہ سے راولپنڈی جانےوالی جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔
نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر 2 جگہ بم نصب کئے تھے ،بم زور دار دھماکے سے پھٹ گئے، جس کے نتیجے میں ٹرین کی بوگی نمبر 3 اور9 ان کی زد میں آگئی۔
دھماکوں سے دونوں بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 21زخمی ہوگئے،دھماکوں کےبعد ٹرین کےمسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکوں کے بعد لیویز اور ایف سی کی ٹیمیں اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کا کام شروع کردیاگیا،زخمیوں کو ابتدائی طور پر سول اسپتال مچھ اور بعد میں ان میں سے 2خواتین سمیت 11 شدیدزخمیوں کو آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کےذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیاگیاد۔
دھماکوں کےبعد ٹریک پر کوئٹہ سبی ریلوے سیکشن پرریلوے ٹریفک معطل ہوگئی۔تاہم اسے تقریباً 3گھنٹے بعد بحال کردیاگیا، اس دوران دھماکوں کےبعد سول اسپتال مچھ اور کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو الرٹ کردیاگیا۔
اسی اثناء میں آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن اور دیگر حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور دھماکوں کی جگہ کا معائنہ کیا،ان کا کہناتھا کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایاجائےگا۔
وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام سے24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ۔