20 جون ، 2012
لاہور… پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے تیسرے روز بھی مطالبات منظور نہ ہونے کے خلاف آوٴٹ ڈورز میں کام بند کررکھاہے، جبکہ مریض اور ان کے لواحقین خوار ہو رہے ہیں،دوسری جانب محکمہ صحت کی ٹیم کے ہڑتالی ڈاکٹروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے آوٴٹ ڈورز میں کام بند کردیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،مریض اور ان کے لواحقین لاچارگی کے عالم میں اسپتال کے عملے سے پوچھتے ہیں کہ ان کا قصور کیا ہے ،مسیحا انہیں کس جرم کی سزا دے رہے ہیں ،دوسری طرف ینگ ڈاکٹرزکے ترجمان ڈاکٹر آفتاب کا کہنا ہے کہ جب تک ان کا سروس اسٹرکچر تشکیل نہیں دیا جاتا وہ ہڑتال جاری رکھیں گے۔ ادھرمحکمہ صحت کی ٹیم کے ہڑتالی ڈاکٹروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔