20 جون ، 2012
اسلام آباد… پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹر اعتزاض احسن نے کہا ہے کہ انھوں نے وزیر اعظم توہین عدالت فیصلے پر تفصیلی اپیل تیار کررکھی تھی،پارٹی نے اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی کو اندازہ تھا کہ اپیل میں عدالت نااہلی لگادے گی،یہ اندازہ دست نکلا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ انھیں سپریم کورٹ کی جانب سے اس فیصلے کا اندازہ تھا، جبکہ وزیر اعظم کیس میں اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ پارٹی کا تھا۔ انھوں نے کہا کہ تین ممبر بنچ نے 7 رکنی بنچ کے فیصلے میں تبدیلی کردی ہے، اس عدالتی فیصلے پر تو اب اپیل بھی نہیں کی جاسکتی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بہت قانونی مثالیں موجود ہیں کہ جہاں اپیل نہ ہوسکے وہ فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ نئے وزیر اعظم سے متعلق ایک سوال پر اعتزاز احسن نے کہا کہ نیا وزیراعظم قومی اسمبلی سے ہوگا اور بڑا اچھا ہوگا۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا اب سوئس حکام خط لکھ دینا چاہیئے جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ اب بہت پانی پلوں کے نیچے سے گزر گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا خط نہ لکھا تو فارغ ہونا پڑے گا،لیکن خط نہ لکھنا بھی جرم نہیں ہے۔