20 جون ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ طور پر لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش پر عوام نے ایک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، لاتوں اور گھونسوں سے حلیہ بگاڑ دیا ، فیصل آباد کے علاقہ غلام محمد آباد میں مشتعل عوام نے پولیس اہلکار کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، لوگوں کے مطابق تین پولیس اہلکاروں نے ایک رکشہ کو روک کر اس میں سوار خاتون کو اتارا ، دو پولیس اہلکار مبینہ طور پر خاتون کو اغوا کر کے لے گیے جبکہ ان کا تیسرے ساتھی کو عوام نے پکڑ لیا اور اس پر تشدد شروع کر دیا ، تشدد سے بچنے کیلئے قابو آئے پولیس اہلکار نے دکان میں گھس کر پناہ لے لی ، اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گیی۔ پولیس نے دکان میں محبوس بنے اہلکار کو باہر نکالنے کی کوشش کی تو مشتعل ہجوم ایک بار پھر پولیس اہلکار پر ٹوٹ پڑا ، لاتوں گھونسوں سے تشدد کر کر کے پولیس اہلکار کا حلیہ بگاڑ دیا۔ پولیس نے لوگوں پرلاٹھی چارج کر کے قابو آئے پولیس اہلکار کو مشتعل ہجوم سے نجات دلائی اور زخمی اہلکارآفتاب احمد کو ایمبولینس کے ذریعے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ وہ اپنی مرضی سے گئی ہے، جبکہ عوام نے مشکوک حرکات کو دیکھ کر پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے تاہم تحقیقات کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔