20 جون ، 2012
کمالیہ … کمالیہ کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار ہے ، تاجروں نے مکمل شٹر ڈاوٴن رکھا جبکہ وکلاء نے بھی عدالتی بائیکاٹ کیا ہوا ہے ۔ منگل کے روز کمالیہ میں شہریوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاتھا،جس دوران فائرنگ کے واقعات میں ایک لڑکے سمیت 2افراد ہلاک اورڈی پی او سمیت بیسیوں زخمی ہوگئے تھے، آج دوسرے روز بھی شہر کی فضا سوگ وار ہے،تاجروں نے مکمل شٹرڈاوٴن ہڑتال کر رکھی ہے، تمام بازاراور مارکیٹیں بند ہیں ،دوسری جانب وکلاء نے بھی عدالتی بائیکاٹ کر رکھا ہے اورشہر میں معمولات زندگی معطل ہیں۔ادھر گذشتہ روز ہلاک ہونے والے افراد کی رسم قل ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔