02 نومبر ، 2016
وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ریاست کی رٹ منوانے اور لاک ڈاؤن کی کال سے نمٹنے پر وفاقی وزیر داخلہ کی کوششوں کو سراہا گیا،اجلاس میں پاناما کیس سے متعلق حکمت عملی بھی زیر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر پولیس ٹریننگ کالج کے شہدا اور گڈانی حادثہ میں جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔
اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے ریاست کے تحفظ کے لے اپنا فرض ادا کیا جبکہ رٹ قائم رکھنے پر قانون نافذ کرنےو الے اداروں کاکردار لائق تحسین ہے۔
ابتدائی کلمات میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا تو چودھری نثار نے کہا کہ انہوں نے وزیرا عظم کی قیادت اور رہنمائی میں اپنی ذمہ داری پوری کی۔وہ وزیر اعظم کےان پر اعتماد اور غیر مشروط تعاون پرمشکور ہیں۔
وزیر داخلہ نے پولیس اور ایف سی کو ریاست کے ساتھ کھڑا رہنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں 25 نکاتی ایجنڈے پر غورکیا گیا جس میں افغان مہاجرین کی واپسی ،نیشنل میری ٹائم پالیسی 2015،بچوں کے اغوا سے متعلق عالمی کنونشن میں شمولیت کی منظوری اورقانونی کیسز سے متعلق کابینہ کے 30ستمبر کو کیے گئے فیصلوں کی توثیق شامل ہے۔