پاکستان
02 نومبر ، 2016

عمران کے دھرنے اور جلسے پر کوئی تبصرہ نہیں کرونگا، گیلانی

عمران کے دھرنے اور جلسے پر کوئی تبصرہ نہیں کرونگا، گیلانی

 

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے شروع سے ہی مشورہ دیا تھا کہ حکومت اور عمران خان ٹی او آرز پر متفق ہو جائیں، ٹی او آرز میں ساری اپوزیشن جماعتیں بھی شامل تھیں ، آج ہم نے اپنی داڑھی کسی اور کے ہاتھ سے کٹوائی ہے،وزیر داخلہ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بلاول بھٹو نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے پر کیا تھا ۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی پارلیمنٹ سے ٹی او آرز بل کی منظوری کا مطالبہ کیا تھا، کاش ساری سیاسی جماعتیں اس پر متفق ہو جاتیں ، ہم نے وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگا لیکن ٹی او آرز کو منظور کرنے کا مطالبہ کیا، عمران خان کا دھرنا ، لاک ڈاؤن اور جلسے ان کی پارٹی کا منشور ہے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا ۔


یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے ساتھ جو ہوا ، میں بھول گیا ، میں جمہوری ہوں عدلیہ کے فیصلہ کو قبول کر کے گھر آ گیا اداروں کا تصادم نہیں چاہتا تھا ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا اور کسی لڑائی کی فریق نہیں بنی ، ہماری توجہ پاکستان کی ترقی ، سی پیک اور پارلیمنٹ کی مضبوطی پر ہے ۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہوں اور ہم پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں ، پیپلز پارٹی میں دھڑے بازی کی سیاست نہیں بلکہ اس کے لیڈرز آج بھی بھٹو ہی ہیں ۔

مزید خبریں :