02 نومبر ، 2016
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شکرانے ادا کرنے والوں کو بہت پہلے شکر ادا کرنا چاہیے تھا،شکرگزار ہوں عوام نے سڑکوں پر احتجاج کو مسترد کردیا،سپریم کورٹ میں آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا، الزام لگانے والے شرمندہ ہوںگے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاناما پیپرز کا معاملہ سپریم کورٹ سے حل ہوگا، میں نے مسلسل کوشش کی اورخود سپریم کورٹ کوکمیشن بنانے کی درخواست کی۔
میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں درخواستوں کو قابل سماعت ہونے کے حوالے سے شکوک وشبہات ہیں۔ہم نے درخواستوں کی قابل سماعت ہونے کو چیلنج نہیں کیا۔انشاء اللہ الزام لگانے والے شرمندہ ہوںگے۔2014میں بھی کمیشن کے فیصلے سے ان کو شرمندہ ہونا پڑا تھا ۔انہوں نے قوم کے 126دن ضائع کیے اورمعاشی نقصان پر شرمندگی کااظہار نہیں کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والوں کا مقصد معاملے کو سڑکوں پر اُچھالنا تھا ،پاناما پیپرز کے حوالے سے ہمارا موقف پہلے دن ہی سے بڑا واضح ہے۔