02 نومبر ، 2016
پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد لاک ڈاؤن کی کال واپس لینے کے بعد آج یوم تشکر منا رہی ہے،اسلام آباد میں پنڈال تیار کرلیا گیا،مختلف شہروں سے کارکنوں کے قافلے پریڈگراؤنڈ پہنچنا شروع ہوگئے۔
یوم تشکر منا نے کے لیے صوابی سے پرویز خٹک بھی کارکنوں کے ہمراہ روانہ ہوگئے ہیں۔ عدالت کے بتائے ہوئے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں ،پی ٹی آئی قیادت نے انتظامیہ کو بیان حلفی جمع کرادیا،جلسہ رات 10 بجے ختم کرنا ہوگا ۔
اسلام آباد کے درجہ حرارت میں روز بروز کمی آرہی ہے اور اب تو سیاسی درجہ حرارت بھی کم ہو گیاہے ،سپریم کورٹ سے پاناما لیکس سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام کی خبر آئی تو پی ٹی آئی کی گرما گرم سیاست ٹھنڈی پڑ گئی،احتجاج کی جگہ یوم تشکر نے لے لی ،دھرنے کی بات کسی اور وقت پر ٹل گئی،چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کو بڑی فتح قرار دے کر جشن منانے کا اعلان کیا۔
آج عدالت کے بتائے ہوئے پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،یوم تشکر منانے کےلئے ملک بھر سے کارکن اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ،پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں ہو رہی ہیں پنڈال تیار ہوگیا اور کرسیاں لگادی گئیں۔
رات گئے عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مختصر خطاب میں ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کو کتنی بڑی کامیابی حاصل ہوئی یہ سب کو جلد ہی معلوم ہو جائے گا۔
اس سے پہلے یوم تشکر کا اعلان ہوا تو بنی گالا میں موجود کارکن خوشی سے جھوم اٹھے۔ انہوں نے اپنے اپنے انداز میں جشن منایا۔