پاکستان
24 جون ، 2012

خداراملک کی بقاء کی خاطرجمہوری عمل کے خلاف سازشیں بند کی جائیں،الطاف حسین

خداراملک کی بقاء کی خاطرجمہوری عمل کے خلاف سازشیں بند کی جائیں،الطاف حسین

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ملک کی بقاء وسلامتی کادارومدارصرف اور صرف جمہوریت کے جاری رہنے میں ہے لہٰذا خداراملک کی بقاء کی خاطر جمہوریت اورجمہوری عمل کے خلاف سازشیں بند کی جائیں، تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیارمیں رہ کرکام کریں، سیاسی جماعتیں آنے والے انتخابات کاانتظارکریں اورجمہوریت کی گاڑی کوچلنے دیں ،خاکم بدہن ایسانہ ہوکہ لڑائی جھگڑے سے جمہوریت اورملک کونقصان پہنچے اورملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے۔کراچی میں آج سے پختونوں اورمہاجروں کولڑانے کی سازشوں کے خاتمہ کاآغازہوگیاہے۔آج پختون، مہاجراورہزارے وال آپس میں عہدکرتے ہیں کہ ان کے ہاتھوں سے ایک دوسرے کاخون نہیں ہوگااوراگرکوئی فسادبرپاکرنے کی کوشش کرے گاتوان کے گھرایک دوسرے کیلئے محفوظ پناہ گاہ ثابت ہوں گے۔ اردوبولنے والے اپنے اپنے علاقوں میں پختون بھائیوں کے ہوٹلوں، پتھاروں اورٹھیلوں کی حفاظت کریں اوران کی بسوں ،رکشوں اورگاڑیوں کوہرگز نقصان نہ پہنچائیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار جناح گراوٴنڈعزیزآبادمیں ایم کیوایم کی پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ ” جلسہ ء پیغام محبت “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں پختونوں اورہزارے وال برادری سے تعلق رکھنے والے ہزاروں نوجوانوں، بزرگوں اورخواتین نے شرکت کی ۔جناح گراوٴنڈ عوام سے بھرچکاتھاجبکہ جناح گراوٴنڈسے مکاچوک اوراطراف کی سڑکوں پر بھی عوام کی بڑی تعدادموجودتھی۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرفاروق ستار،رابطہ کمیٹی کے رکن گلفرازخٹک، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن عمرخان شیرزئی، ڈاکٹر لیلیٰ پروین، ایم کیوایم کی پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج اسلم شاہ آفریدی اورہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج شکیل عباسی نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔الطاف حسین نے کہاکہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کونااہل قراردیا ۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانتے ہوئے مخدوم شہاب الدین کووزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے نامزدکیا لیکن جیسے ہی مخدوم شہاب الدین کے نام کا اعلان ہوا ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوگئے۔حکومت نے یہ عمل دیکھتے ہوئے انہیں بھی ہٹادیااوراپنی پارٹی کے ایک پرانے کارکن راجہ پرویزاشرف کو لیکر آئے لیکن سازشیں ہیں کہ ختم ہونے کانام نہیں لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چندماہ بعدالیکشن ہونے ہیں، تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ جہاں انہوں نے اتناانتظارکیاوہ جمہوریت کی بقاء اوراستحکام کیلئے چندماہ اورانتظارکرلیں،آنے والے انتخابات میں حصہ لیں، عوام جسے اکثریت سے کامیاب کرے وہ حکومت بنائے ۔ خدا کیلئے ایسی سازشیں نہ کریں کہ ملک میں جمہوریت کاخاتمہ ہو۔ ملک کی بقاء اورسلامتی صرف اورصرف جمہوریت کے جاری رہنے میں ہے ۔ لہٰذامیں ملک اور جمہوریت کے نام پر گزارش کروں گاکہ خدارا ملک کی بقاء اوراستحکام کی خاطر جمہوریت اورجمہوری عمل کے خلاف تمام سازشیں بند کردی جائیں اورآنے والے انتخابات کاانتظار کیاجائے ، اسی میں ملک کی بقاء ہے ۔الطاف حسین نے کہاکہ ملک چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہواہے، سپرطاقت کی نظریں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہیں،سپرطاقت کے بحری بیڑے پاکستان کی سرحدوں میں داخل ہوچکے ہیں،ایسی صورت میں ہمیں نفرتوں کی نہیں اتحاد کی ضرورت ہے ۔ ایسے کڑے اورآزمائش کے وقت ہمیں ایک دوسرے سے لڑنا نہیں بلکہ ایک دوسرے کوبرداشت کرنا اورایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کرملک کی بقاء وسلامتی کیلئے اتحاد کامظاہرہ کرنا چاہیے۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج کا جلسہ عام اپنے حقوق سے محروم اورکچلے ہوئے عوام کے درمیان محبت اوراتحادویکجہتی کاعظیم الشان اجتماع ہے۔ جولوگ کراچی میں اپنی خفیہ سازشوں کے ذریعے پختونوں اورمہاجروں کوآپس میں لڑاتے رہے ، انہیں ایک دوسرے کادشمن بناتے رہے ،آج ان کی سازشوں کے خاتمہ کاآغازہوگیاہے اوراللہ کے فضل وکرم اورایم کیوایم کے شہیدکارکنوں کے مقدس لہوکے صدقے آج پختون، ہزارے وال، مہاجر اوردیگرتمام قومیتوں کے محروم و مظلوم عوام آپس میں متحدہوگئے ہیں۔انہوں نے پختون بزرگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے بیٹے الطاف حسین کے پیغام محبت کو گلی گلی پہنچائیں اورتمام پختونوں کوایم کیوایم کے پرچم تلے لے آئیں۔انہوں نے کہاکہ اگرپختونخوا اوربلوچستان میں پختونوں اورہزارے والوں کومحنت مزدوری اورروزگارکے مواقع میسر آتے تووہ اپنے گھر بار کوچھوڑکر کراچی یاسندھ کے دیگرشہروں میں نہیں آتے ۔انہوں نے خیبر پختونخوا کی صوبائی اوروفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ خیبر پختونخوا میں صنعتیں لگائی جائیں، عوام کیلئے روزگارکے ذرائع پیداکئے جائیں۔فاٹاکے عوام کوتعلیم ، صحت ،روزگاراوربنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ الطاف حسین نے سندھ کے گورنر ، وزیراعلیٰ اورارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے کہاکہ کراچی میں آبادپختونوں اورہزارے وال عوام کے مسائل فوری طورپر حل کئے جائیں۔

مزید خبریں :