پاکستان
06 دسمبر ، 2016

رائیونڈ کی خارجہ پالیسی نے ہمیں دنیا میں تنہا کردیا ہے،بلاول

رائیونڈ کی خارجہ پالیسی نے ہمیں دنیا میں تنہا کردیا ہے،بلاول

 

 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ رائیونڈ کی خارجہ پالیسی نے ہمیں دنیا میں تنہا کردیا ہے، ہم پنجاب کی سیاست سے حصہ لینے نہیں بلکہ پنجاب پرجمہوری قبضہ کرنے آئے ہیں، شریفوں کوسمجھاناہےکہ یہ ان کی آخری باری ہے، اس کے بعد ان کی شکل نہیں دیکھنی۔

بلاول بھٹوزرداری لاہور میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے آخری دن خطاب کر رہے تھے، انہوں نے اس موقع پر پنجابی میں بھی خطاب کیا اور نعرے بھی لگائے۔

انہوں نے پنجابی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسی پنجاب دی سیاست وچ حصہ لین نئی آئے، اسی پنجاب وچ جمہوری قبضہ کرن آئے نے۔

انہوں نے کہا کہ جیالوں نے ناکام شوباز شریفوں کو بتایا کہ پیپلز پارٹی ابھی زندہ ہے،سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر نے ساتھ دیا تو 2018ءمیں نوازشریف کوخداحافظ کہہ دیں گے،خداحافظ میاں صاحب، خداحافظ میاں صاحب،اب وہ جیل میں ہوں گےیاسعودیہ میں، یا پتا نہیں کہاں ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے چھ ماہ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ چھ ماہ میں سے پہلے تین ماہ گونوازگو کی تحریک اور باقی کے تین ماہ الیکشن مہم چلائیں گے،پنجاب میں تخت رائیونڈ ، ضیاءالحق کی باقیات اب تک چل رہی ہیں، کیا میرے آنے سے سندھ میں اورپارٹی میں تبدیلی آئی ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگرمطالبات نہ مانے گئے تولانگ مارچ کا اعلان کریں گے، تحت رائیونڈ نے4 نکاتی مطالبات نہ مانے تو27دسمبر کولانگ مارچ کااعلان کرینگے،27 دسمبر کے بعد دم دمام مست قلندر ہوگا ،یہ آواز سندھ کے کسی چھوٹے شہریا بلوچستان سے آوازنہیں اٹھ رہی،گونوازگوکا نعرہ کسی گلی یاسندھ کےشہر سے نہیں میاں صاحب آپکےگھر سےشروع ہوا ہے۔

بلاول نے یہ بھی کہا کہ اسٹیل سے میٹرو بنانے کے شوقین خاندان نے اپنی حکومت میں نہ اسکولوں کو چھت دی نہ استاد، آپ نے لوڈشیڈنگ پر الیکشن لڑا، وہ توختم نہیں کی، بجلی کی قیمت دگنی کردی ہے، انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں، مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں مگر تخت رائیونڈ کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہورہیں۔

مزید خبریں :