پاکستان
03 جنوری ، 2017

پاناما کیس،پی ٹی آئی نے اضافی دستاویزات جمع کرا دیں

پاناما کیس،پی ٹی آئی نے اضافی دستاویزات جمع کرا دیں

 

پاناما لیکس کیس میں تحریک انصاف نے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں، دستاویزات میں 2012ء میں موزیک فونسیکااور منروا کے درمیان بینیفیشل اونر کے حوالے سے خط وکتابت شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے سپریم کورٹ میں زیر التوا پاناما لیکس کیس میں اضافی دستاویزات جمع کرائیں۔

دستاویزات کے مطابق یہ خط و کتابت 2012ءمیں ہوئی، تحریک انصاف کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اضافی دستاویزات میں وزیر اعظم نواز شریف کے جیونیوز کے سینئر صحافی اور اینکر حامد میر کے ساتھ انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ برٹش ورجن آئی لینڈکے ڈائریکٹر فنانشل انوسٹی گیشن ایجنسی کا خط بھی دستاویزات میں شامل ہے، یہ خط موزیک فونسیکا کے منی لانڈرنگ رپورٹنگ آفیسر کو لکھا گیا تھا، موزیک فونسیکااور منروا سروسز کے درمیان ای میل کا ریکارڈ بھی دستاویزات میں شامل ہے۔

ایف آئی اے کی طرف سے موزیک فونسیکا کو 12جون 2016ءکو لکھا جانے والاخط اورسامبا فنانشل گروپ کی طرف سے 3دسمبر 2005ءکو مریم صفدر کے پاسپورٹ کی کاپی کے ساتھ منروا سروسز کو لکھا گیا خط بھی پی ٹی آئی کی دستاویزات میں شامل ہے۔

دستاویزات کے مطابق منروا سروسز کو لکھے گئے خط میں مریم صفدر مے فیئر فلیٹس کی بینیفیشل اونر ہیں، ایک اور ای میل میں مریم صفدر کومعروف سیاسی شخصیت کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کا نو تشکیل شدہ پانچ رکنی بنچ 4 جنوری سے مقدمے کی سماعت کرے گا۔

مزید خبریں :