پاکستان
03 جنوری ، 2017

نیکٹا دہشتگردوں کی نفسیات پر معلومات اکٹھی کرنے لگا

نیکٹا دہشتگردوں کی نفسیات پر معلومات اکٹھی کرنے لگا

 

طلحہ ہاشمی...نیکٹا نے دہشت گردوں کی نفسیات سے متعلق معلومات کو اکٹھی کرنا شروع کردیا ہے، اس سلسلے میں چاروں صوبوں کو 4 صفحات پر مشتمل ایک فارم بھیجا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی سندھ کو اس فارم کو گرفتار دہشت گردوں سے بھرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے، ایس ایس پی سی ٹی ڈی انٹیلی جنس عمر شاہد حامد کاکہنا ہے کہ اس کا اولین مقصد دہشت گردوں کی نفسیات سمجھنا اور پھر ان کی بحالی کےلیے کام کرنا ہے۔

حکام بتاتے ہیں کہ سندھ میں سی ٹی ڈی کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے، یہ فارم چاروں صوبوں میں موجود انسداد دہشت گردی کے محکموں کو بھجوایا گیا ہے۔

صوبہ پنجاب نے 1300دہشت گردوں کے فارم بھرکر بھیجےہیں، خیبرپختونخوا کی جانب سے 7سوسے8سو دہشت گردوں کے کوائف بھیجے گئے ہیں، بلوچستان سے بھی ڈھائی سو سے تین سو دہشت گردوں کے کوائف آچکے ہیں۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایس پی سی ٹی ڈی انٹیلی جنس عمر شاہد حامد نے ’جیونیوز‘ کو بتایا کہ نیکٹا نے چار صفحات پر مشتمل ایک پرفارمہ بھجوایا ہےجس میں دہشت گردوں سے متعلق مکمل کوائف اکٹھے کرنے کے خانے ہیں اور گرفتار دہشت گردوں سے اس فارم کو بھروایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پرفارمے میں دہشت گردوں کی پیدائش، تعلیم اور خاندان سے متعلق سوالات ہیں، یہ بھی سوالات ہیں کہ وہ کس طرح دہشت گردی کی طرف مائل ہوئے، کس طرح ان کا ذہن بدلا گیا، انہیں رقم کہاں سے اور کیسے ملتی تھی، رجحانات کیا ہیں؟

عمر شاہد حامد کے مطابق پہلے مرحلے میں گرفتار دہشت گردوں سے معلومات حاصل کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ان دہشت گردوں کی بحالی پر کام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کراچی یونیورسٹی کے ماہرین نفسیات سے رابطہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :