03 جنوری ، 2017
عبدالقیوم صدیقی...ملک کی سب سے بڑی عدالت میں بڑی سماعت کل ہوگی، پاناما کیس میں وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے وکیلوں کی ٹیم سمیت بہت کچھ بدل گیا۔
کیس کی سماعت سپر یم کورٹ کل سے از سر نو شروع کر رہی ہے، 2017ءمیں پاناما کیس کی یہ پہلی سماعت ہو گی۔
پانامہ پیپرز کیس ،سال بدل گیا،تحریک انصاف کے بعدوزیر اعظم نے بھی اپنا وکیل بدل لیا ،سماعت کرنے والے لارجر بنچ میں 2 ججز بھی بدل گئے،کمرۂ عدالت بھی بدل جائے گا ، پاناما پیپرز کیس کی سماعت اب کمرہ عدالت نمبر 2میں ہو گی۔
بنچ کی سربراہی کریں گے، سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ، تحریک انصاف کی طرف سے پاناما پیپرز کیس میں اضافی دستاویزات داخل کی گئی ہیں۔
اضافی دستاویزات کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2005ء مریم صفدر آف شور کمپنیوں اور لندن فلیٹس کی ٹرسٹی نہیں حقیقی وارث ہیں، ان کے ٹرسٹی ہونے کا دعویٰ درست نہیں۔
دوسری طرف اب وزیر اعظم نواز شریف کا مقدمہ سلمان اسلم بٹ کے بجائے معروف قانون دان مخدوم علی خان لڑیں گے، مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کی وکالت شاہد حامد کریں گے ، حسین نواز کی طرف سے اب اکرم شیخ نہیں سلمان اکرم راجہ مقدمہ لڑیں گے ۔
گزشتہ سال سپریم کورٹ کا لارجر بنچ جس کی سربراہی سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کر رہے تھے جنہوں نے پاناما کیس پر 10 سماعتیں کیں۔
کمیشن کے قیام کے حوالے سے پی ٹی آئی نے 9دسمبر 2016کواپنا مؤقف بدلا اور کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے کمیشن بنایا تو اس کا بائیکاٹ کریں گے،اس کے بعد سماعت جنوری کے پہلے ہفتے کے لیے مقرر کر تے ہوئے سابق بنچ نے قرار دیا تھا کہ کیس کی سماعت اب از سر نو ہو گی۔