16 مئی ، 2017
برطانوی حکام نے پی آئی اے کے ہیتھرو ایئرپورٹ لندن پر روکے گئے جہاز کے عملے کو پاسپورٹ واپس کر دیئے ہیں۔
برطانوی امیگریشن حکام نے پی آئی اے حکام کو 16پاسپورٹ واپس کیے ،پاسپورٹ ملنے کے بعد پی آئی اے کریو کل طیارہ لے کرپاکستان کےلیے روانہ ہوگا۔
پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئن کی برآمدگی کے بعد عملے کے پاسپورٹ ضبط کیے گئے تھے ۔
اس سے قبل پی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ یوکے بارڈر ایجنسی اور نیشنل کرائم ایجنسی نے ابھی تک جہاز سے ہیروئن کی برآمدگی سے مطلع نہیں کیا۔
’جیو نیوز‘ نے ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اب تک برطانوی حکام کی جانب سے قومی ایئرلائن کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے ذرائع کا کنا ہے کہ برطانوی بارڈر ایجنسی اور نیشنل کرائم ایجنسی نےطیارے سے ہیروئن ملنے کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا۔
ادھر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر یو کے بارڈر ایجنسی کے 30اہلکاروں نے طیارے کی تلاشی کے عمل میں حصہ لیا،سرچ آپریشن کے دوران ویڈیو بنائی گئی، جبکہ سونگھنے والے کتوں سے بھی مدد لی گئی۔
یوکےبارڈرایجنسی کے مطابق یوکےبارڈرایجنسی کےایجنٹس کیمروں سےلیس تھے،جنہوں نے شواہد اکٹھے کرنے کےلیے ریکارڈنگ کی ۔
یوکے بارڈر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے متعلق برطانیہ اورپاکستان میں پی آئی اے کومطلع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہاز کی تلاشی کا عمل تین گھنٹے تک جاری رہا ، برطانوی حکام نے ہیروئن برآمد کرنےکے بعد جہاز کو کلیئر قرار دیا۔
لندن میں پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئن نکل آنے کا دعویٰ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے کیا ہے،جس کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔