07 جولائی ، 2012
جیکب آباد … وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے حکومت میں شامل اتحادیوں کی مشاورت کے بعد آنے والے اجلاس میں قانون سازی کرکے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ جیکب آباد میں سندھ کا بینہ کے اہم وزراء کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے حکومت ترجیحی بنیادوں پر عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی پانی کی 60 سے 70 فیصد تک قلت ہے جس کا بوجھ سندھ اور پنجاب اٹھا رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو اپنے حصے کا پانی مکمل دیا جارہا ہے، اس کے باوجود بلوچستان، سندھ پر پانی کم دینے کا الزام عائد کر رہا ہے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اجلاس میں ضلع جیکب آباد کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 5 ارب روپے دینے، سول اسپتال کو 50 کروڑ دیکر اپ گریڈ کرنے، کیڈٹ کالج قائم کرنے، ضلع میں 35فلٹر پلانٹ لگانے، بیگاری کینال کے 78میل کو پکا کرنے اور دیگر فیصلے کئے گئے ہیں۔