07 جولائی ، 2012
پشاور…جمعیت علماء اسلام ف خیبر پختون خوا نے نیٹو سپلائی کی بحالی کو پارلیمنٹ کی توہین اور امریکی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پشاور میں جے یو آئی ف خیبر پختون خوا کی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت صوبائی امیر شیخ امان اللہ نے کی۔ اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی اور آئندہ عام انتخابات سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے کہا کہ جے یو آئی ف نے نیٹو سپلائی کی بحالی کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ امریکی دباو پر کیا۔جے یو آئی ف کی صوبائی مجلس عاملہ نے 15جولائی کو قبائل گرینڈ جرگہ طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ جب کہ مرکزی شوریٰ کا اجلاس 8 اور 9 جولائی کو پشاور میں منعقد کرنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔