07 جولائی ، 2012
کراچی…سنی تحریک کے رہنما محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ مجوزہ توہین عدالت ترمیمی بِل آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔مذکورہ بل آئین میں اعلیٰ طبقات اور غریب عوام میں تفریق پیدا کرنے کی سازش ہے، سنی تحریک کے جاری کردہ بیان کے مطابق ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آئین سے کوئی بھی فرد یا ادارہ مبرّا نہیں ہوسکتا۔دوہری شہریت کا فائدہ بین الاقوامی اور لا دینی قوتیں اْٹھانے کی کوشش کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکمران ملک وقوم کے مفاد کی بجائے بیرونی مفادات کیلئے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان سنی تحریک کسی بھی ایسے کالے بل کو تسلیم نہیں کریگی جو اداروں کی نفی کرنے یا اعلیٰ طبقات کو تحفظ کیلئے بنائے جائیں۔ ڈرون حملے ملکی سلامتی و خودمختاری کیلئے چیلنج ہیں حکومت پاکستان ڈرون حملوں کے خلاف صرف احتجاج سے کام نہ لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیاسی و مذہبی رہنماوٴں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ حکمران سیاسی و مذہبی جماعتیں ملک کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں اداروں سے ٹکراوٴ کسی بھی صورت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے، جمہوریت کو مضبوط و توانا بنانے کیلئے ضروری ہے۔ کہ اداروں سے ٹکراوٴ کا راستہ ترک کرکے حکمران عوام کے مسائل کے حل کی طرف توجہ مرکوز کریں۔ پاکستان سنی تحریک جمہوریت کو پھلتا پھولتا مضبوط دیکھنا چاہتی ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ حکمران جمہوری قدروں کو فروغ دیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ بیرونی سازشوں کو ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے ۔