08 جولائی ، 2012
واشنگٹن. . . رہنما پاکستان تحریک انصاف جاوہد ہاشمی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی ایسے نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ امریکہ نے ڈرون اور دیگر معاملات پر پارلیمنٹ کی قراردادوں کے مطابق عمل نہیں کیا ۔واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ڈکٹیٹر شپ کے خلاف اپوزیشن کی سیاست کی ہے۔ جنرل ضیاء الحق کی کابینہ کا حصہ رہنے پر قوم سے متعدد بار معافی مانگ چکاہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ناکام ریاست نہیں بلکہ اس کے اقتصادی اور سیاسی ڈھانچے کو اصلاح کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو متحرک کررہے ہیں اور ہماری اگلی ریلی14 جولائی کو پشاور میں ہوگی۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے نوازشریف سے کہا تھا کہ زرداری کو سپورٹ کرنا ایک بڑی غلطی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ وہ پرانے چہروں سے تنگ آچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی ایسے نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ امریکانے ڈرون اور دیگر معاملات پر پارلیمنٹ کی قراردادوں کے مطابق عمل نہیں کیا۔