03 جون ، 2017
حسین نواز کی حمایت میں جے آئی ٹی اور ججوں کو دھمکیاں دینے والے نہال ہاشمی کی مشکلات بڑھتی ہی چلی جارہی ہیں ۔
نہال ہاشمی نے جس پارٹی کے لیے جوش خطابت دکھایا تھا اسی پارٹی نے پہلے سینیٹر شپ اور پارٹی عہدے دے ہٹایا اور اب اسی حکومت کے اٹارنی جنرل نے فوجداری مقدمے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل آفس نے نہال ہاشمی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کے لیے سندھ حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔
اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے ’جیو نیوز‘ کے نمائندے عبدالقیوم صدیقیسے گفتگو میں خط لکھنے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نہال ہاشمی کے خلاف سرکاری ملازمین کو دھمکانے اور عدالتی کارروائی کے دوران تفتیشی افسر کو ہراساں کرنے سے متعلق دفعہ168،228، 505 کے تحت مقدمہ درج کیاجائےگا۔
دفعہ 505 کےتحت 7سال، دفعہ 228 کے تحت 2 سال اور دفعہ 168 کے تحت 6 ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔