04 جون ، 2025
اسلام آباد میں امریکا کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔
ناظم الامور نیٹلی بیکر نے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان نے ہر اچھے برے وقت میں شانہ بشانہ کام کیا، پاکستان میں تعلیم، صحت، خوراک اور زراعت کے شعبوں میں اہم امریکی تعاون رہا، داعش حملہ آور کی حوالگی انسداد دہشت گردی میں بڑی کامیابی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت قابل تحسین ہے۔
نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا سکیورٹی تعاون طویل المدت شراکت داری کا ستون ہے، ڈیجیٹل معیشت اور اختراعی سرمایہ کاری میں پاکستان کا کردار متاثرکن ہے، پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا نے مؤثر سفارتی کردار ادا کیا، یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعےلاکھوں زندگیوں کو بدلا، امریکا پاکستان کو ٹیکنالوجی،سرمایہ کاری اور مواقع فراہم کرتا رہےگا، پاک امریکا شراکت داری کا اگلا باب استحکام اورخوشحالی پرمبنی ہوگا۔
امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طورپرکرپٹوکرنسی اور ڈیجیٹل مارکیٹوں میں ہماری مشترکہ سرمایہ کاری پر بہت خوش ہوں۔ اختراع،ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسپیس میں نئی راہیں ہموار کرنے میں پاکستان کے قائدانہ کردار کی معترف ہوں۔