عامر خان کو اپنی ایک غلطی کا احساس ستانے لگا

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اسٹار عامر خان کو والدہ ، پہلی اہلیہ رینا دتا اور بچوں کو وقت نہ دینے کا پچھتاوا ہونے لگا۔

عامر خان بھارتی فلمی دنیا کا مشہور نام ہیں جنہیں بھارت ہی نہیں بلکہ پوری دنیا جانتی ہے۔ ان کی فلمیں باکس آفس پر کمائی کے ریکارڈ بناتی ہیں اور فلم ’دنگل‘ نے 1800 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے سب سے زیادہ کمانے والی بھارتی فلم بن گئی ہے۔

مسٹر پر فیکشنسٹ فلمی دنیا میں نام اور پیسہ کما چکے ہیں لیکن اس سب کے باوجود انہیں ذاتی زندگی میں ہونے والی ایک غلطی کا احساس ستانے لگا ہے۔

عامر خان کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ فلمی دنیا میں مجھے 30 سال ہونے کو ہیں اور اس دوران پیسہ، شہرت اور پیار سب کچھ حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں میں نے پایا بہت کچھ ہے لیکن کھویا کیا ہے اس کا علم مجھے بھی نہیں، تاہم یہ اب محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنی والدہ، پہلی اہلیہ رینا اور بچوں کو وقت نہیں دے سکا، مجھے انہیں زیادہ وقت دینا چاہیے تھا کیوں کہ میں بس مشکل وقت میں ہی ان کے ساتھ ہوتا تھا۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ میں بیٹے جنید خان اور بیٹی ایرا خان کو وقت نہیں دے سکا لیکن میرا ان سے بہت اچھا تعلق ہے، تاہم اب میں نے چھوٹے بیٹے آزاد کو وقت دینے کا تہیہ کرلیا ہے اور 6 بجے سے 8 بجے تک اس کے پاس رہتا ہوں۔

انہوں نے اپنی زندگی پر کتاب لکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی زندگی پر کتاب لکھ کر اسے فروخت کرنا چاہتا ہوں جو کہ میرے مرنےکے بعد کھولی جائے۔

عامر خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ عامر خان اور رینا دتا کی شادی 1986میں ہوئی تھی جو کہ 16 سال بعد ختم ہوئی اور دونوں کے 2 بچے ہیں۔

مزید خبریں :