17 مئی ، 2024
سعودی وزارت داخلہ نے بغیر اجازت حج کرنے والے شخص کیلئے گرفتاری اور جرمانے کا اعلان کردیا۔
العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے بلا اجازت حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کے لیے عملدرآمد شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق دوران حج جعلی حج سرگرمیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی، مقامی اور غیر مقامی دونوں طرح کے افراد کو غیر مجاز طریقے سے حج کرنے پر گرفتاری اور ایک لاکھ ریال کا جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص ( مقامی یا غیر مقامی) بلا اجازت مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے، حرمین حرم مکی، حرمین ٹرین اسٹیشن الرصیفہ اور مرکزی سکیورٹی کنٹرول سینٹر میں پایا گیا تواسے گرفتار کرکے ایک لاکھ ریال جرمانہ کیا جائے گا جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ دگنا کردیا جائے گا۔