دنیا
Time 25 اکتوبر ، 2017

افغانستان میں طالبان کا 2 فوجی چیک پوسٹوں پر حملہ، 11 اہلکار ہلاک

فوٹو: فائل

افغانستان میں طالبان کے دو فوجی چیک پوسٹوں پر حملے کے نتیجے میں 11 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان نے پہلا حملہ افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں ایک فوجی چیک پوسٹ پر کیا جس میں 9 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔

افغان صوبے فرح کے گورنر کے ترجمان محمد نصیر مہری نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حملہ پشت روڈ ضلع میں منگل کی رات کیا گیا۔

محمد نصیر مہری نے مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جاری رہنے والی 4 گھنٹے طویل جھڑپ میں طالبان کی جانب سے آرٹلری سمیت خودکار ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 17 طالبان بھی ہلاک ہوئے۔

طالبان کی جانب سے دوسرا حملہ بھی منگل کی رات کو صوبے ہیرات کے ضلع کشکی کہنا میں کیا گیا۔

ہیرات میں افغان فوج کے ترجمان نجیب اللہ نجیبی نے بتایا کہ طالبان کے حملے میں 2 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔

فوجی ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز شدید جھڑپ کے بعد طالبان کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل بھی طالبان نے افغان صوبے قندھار میں ایک ملٹری بیس پر حملہ کیا تھا جس میں 43 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب افغان صوبے جاوزان میں طالبان اور داعش کے شدت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

جاوزان کے صوبائی پولیس چیف فقیر محمد جاوزانی کا کہنا ہے کہ مخالف گروہوں کی لڑائی میں داعش کے 6 شدت پسند اور طالبان کے 42 جنگجو ہلاک ہوئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ داعش کے شدت پسندوں نے جاوزان میں مختلف مقامات پر طالبان کے ٹھکانوں پر حملے کیے اور صوبے کے دو اضلاع میں کئی دیہات سے طالبان کے ٹھکانوں پر قبضہ کر لیا۔

مزید خبریں :