28 اکتوبر ، 2017
سابق وزیراعظم نواز شریف کا جدہ سے براہ راست لندن جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جدہ سے براہ راست لندن کے لئے روانہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو طلب کر رکھا ہے اور اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ اپنی اگلی پیشی سے قبل پاکستان پہنچ جائیں گے۔
تاہم مسلم لیگ (ن) کے صدر لندن سے پاکستان آنے کے بجائے اپنی والدہ کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی کل لندن کے لئے روانہ ہوں گے جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی ایک دو روز میں لندن کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف لندن میں پارٹی رہنماؤں سے ملکی سیاسی امور اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔