Time 30 اکتوبر ، 2017
پاکستان

ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کا فی الحال عہدہ نہ چھوڑنے کا فیصلہ

ایم کیو ایم پاکستان کو خیرباد کہہ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے فی الحال عہدہ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ارشد وہرا نے پی ایس پی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ڈپٹی میئر شپ کا عہدہ فی الحال نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ایس پی کی اعلیٰ قیادت ارشد وہرا کے عہدے پر رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس پی رہنماؤں کا خیال ہے کہ ارشد وہرا عہدے پر رہیں گے تو اس سے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت پر دباؤ بڑھے گا۔ 

دوسری جانب ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے ڈپٹی میئر کے خلاف کونسل میں عدم اطمینان کی قرارداد فی الحال نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے مشاورت کی جارہی ہے، اگر ڈپٹی میئر استعفیٰ نہیں دیتے تو قانونی کارروائی کرنے یا کونسل میں عدم اطمینان کی قرارداد جیسے آپشن ایم کیو ایم پاکستان کے پاس موجود ہیں۔

ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے گزشتہ روز پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ 

جیو کے مارننگ شو 'جیو پاکستان' میں بات کرتے ہوئے ارشد وہرا کا کہنا تھا کہ عوام کے آگے جواب دہ ہیں، کئی بار ایشوز سامنے لایا لیکن انہیں سنجیدہ نہیں لیا گیا۔

ارشد وہرا نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد عہدوں پر آئے بارہ ماہ ہوگئے تھے اور بہت مسائل بھی تھے جن پر کئی بار بات کرنا چاہی لیکن کبھی اصل مسئلے پر غور نہیں کیا گیا۔ 



مزید خبریں :