29 اکتوبر ، 2017
ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے ایم کیو ایم پاکستان کو خیرباد کہتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
ارشد وہرا نے پاکستان ہاؤس پہنچ کر پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا اور اس اعلان سے ایم کیو ایم پاکستان کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
ارشد وہرا پاکستان ہاؤس پہنچے تو پی ایس پی کارکنان نے نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران ارشد وہرا نے کہا کہ بدقسمتی ہے کراچی کے عوام کو جو دے سکتے تھے وہ نہ دے سکے اور عوام کو صرف دلاسوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
ارشد وہرا نے کہا کہ ہم عوام کے مجرم ہیں، ایک سال تک وسائل نہ ہونے کا رونا روتے رہے، عوام سے کیے وعدے پورے نہیں کیے تو ذمے داری چھوڑ دینی چاہیے۔
ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے اور بھی بڑے نام پی ایس پی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر تحقیقات کے لئے حاضر ہوں اور مقدمات کا سامنا کروں گا جب کہ پی ایس پی میں شمولیت کے بعد عہدے چھوڑنے کے حوالے سے جو قانونی طریقہ کار ہے وہی اختیار کیا جائے گا۔
پی ایس پی کے صدر انیس قائمخانی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ارشد وہرا کو پی ایس پی میں خوش آمدید کہتا ہوں، فاروق ستار اخلاقی ذمے داری کا مظاہرہ کریں اور تمام ارکان اسمبلیوں سے استعفیٰ دیں۔
انیس قائمخانی نے کہا کہ پی ایس پی میں شمولیت پر ارشد وہرا ایم کیوایم پاکستان کی نظر میں برے انسان بن جائیں گے۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے 22 اکتوبر کو پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ اگر کسی سینیٹر، ایم این اے یا ایم پی اے نے پارٹی پالیسی سے انحراف کیا یا کسی اور جماعت میں شمولیت اختیار کی تو اجتماعی استعفیٰ دے دیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ارکان سندھ اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور اس کی وجہ ناقابل فہم ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ اداروں کی پالیسی ہے اور نہ ہی افواج پاکستان کی۔