04 نومبر ، 2017
کراچی: ایم کیوایم پاکستان نے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کے عہدے سے مستعفی نہ ہونے پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
ارشد وہرہ گزشتہ دنوں ہی ایم کیوایم پاکستان چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جب کہ انہوں نے پارٹی تبدیل کرنے کے بعد ڈپٹی میئر کا عہدہ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان نے ارشد وہرہ کےخلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ارشد وہرہ کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھیں گے جس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا حوالہ دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پارٹی لیڈر منتخب نمائندے کی پارٹی سے علیحدگی پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرسکتا ہے لہٰذا ارشد وہرہ کے خلاف خط میں الیکشن کمیشن کو ان کی پارٹی سے علیحدگی کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد وہرا کو سٹی وارڈنز کی 2 موبائلیں دی گئی تھیں لیکن اب ان کی سیکیورٹی پر مامور سٹی وارڈنز کو واپس بلا لیا گیا ہے۔
جب کہ ڈپٹی میئر کے سیکریٹری کو بھی دفتر خالی کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
ارشد وہرہ کا کہنا ہےکہ اپنی جماعت کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔