08 دسمبر ، 2017
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی اجازت دے دی۔
پاکستان نے گزشتہ ماہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کرنے کی پیشکش کی تھی جس پر بھارت کی جانب سے والدہ سے بھی ملاقات کرانے اور اس دوران ایک بھارتی سفارت کار کی موجودگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
جیونیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت نے کلبھوشن یادیو کو اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے جو 25 دسمبر کو ہوگی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران بھارتی سفارتخانے کا ایک اہلکار بھی ان کے ہمراہ ہوگا جب کہ کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا۔
رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی۔
لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔