Time 08 دسمبر ، 2017
دنیا

مشرق وسطیٰ میں امن کیلیے پرعزم ہیں، امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ

امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نکی ہیلے نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پرعزم ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے پر دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

امریکی صدر کے فیصلے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے فرانس کے صدر ایمینوئیل میکرون کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نکی ہیلے کا کہنا تھا کہ میں دوبارہ یقین دہانی کراتی ہوں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پرعزم ہے۔

نکی ہیلے کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دو دہائیوں سے التوا کا شکار خارجہ پالیسی کی توٖثیق کی اور اسرائیلی حکومت اور پارلیمنٹ بھی یروشلم میں ہی واقع ہے۔

امریکی سفیر نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور فلسطین کی انتظامی حدود سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں دیا اور نا ہی اس فیصلے سے مقدس شہر کی حیثیت پر کوئی اثر پڑے گا۔

خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس مشرقی حصے میں مسجد اقصیٰ یعنی مسلمانوں کا قبلہ اول واقع ہے جسے اسلامی تاریخ میں اہم درجہ حاصل ہے۔

نکی ہیلے نے کہا کہ میں سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے والے ممبر ممالک کے تحفظات کو سمجھتی ہوں اور یہ کہ تبدیلی بہت مشکل ہے۔

مزید خبریں :