پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2017

طاہر القادری کا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پاناما طرز کی جے آئی ٹی کا مطالبہ

فوٹو: جیو نیوز

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل پر پاناما طرز کی جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔

مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں پاک سرزمین پارٹی کے وفد نے لاہور میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ مستعفی ہوں۔

سربراہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے ساتھ ہیں، بڑا ظالم ہے وہ جو بربریت پر خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ تو قانون ہی کرے گا لیکن ہم طاہرالقادری کے مطالبے کی حمایت کر رہے ہیں کہ ذمہ داروں کو قانون کے حوالے کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر ماڈل ٹاؤن جیسی نا انصافیاں جاری رہیں تو پاکستان میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقاتی رپورٹ نے قاتلوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پاناما طرز کی جے آئی ٹی کا مطالبہ بھی کیا۔

مزید خبریں :