Time 10 دسمبر ، 2017
پاکستان

ماڈل ٹاؤن واقعہ راناثناءاللہ کے حکم پر ہوا، طاہر القادری

چودھری شجاعت اور طاہر القادری کی ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس

Posted by Geo News Urdu on Sunday, December 10, 2017


لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث تھا اسے سزا دی جائے۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجفی رپورٹ میں حکومت پنجاب پر سانحے کی ذمہ داری ڈالی گئی ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں جو کچھ ہوا وہ رانا ثناءاللہ کے حکم پر ہوا، خون کی ہولی کھیلنے کے لیے مشتاق سکھیرا کو لایا گیا۔

طاہر القادری نے کہا کہ وزیر قانون پنجاب مستعفی ہوں اور خود کو قانون کے آگے پیش کریں۔

اس سے قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف کسی بھی وقت سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔

طاہرالقادری نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ نے چھپا سچ واضح کردیا ہے اور رپورٹ میں نواز شریف اور شہباز شریف کو ملزم ٹھہرایا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے پاناما لیکس کے طرز کی جے آئی ٹی بنائی جائے۔

اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ سپر پاور کو خوش کرنے کے لئے ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کی کوشش کی گئی اور آج نواز شریف خود باہر ہوگئے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت انہیں انجام تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شکر ہے چوہدری نثار کو بھی بولنے کا موقع ملا، ان سب کی زبانیں شیخ رشید کے خلاف بول رہی ہیں، شیخ رشید حق کے ساتھ کھڑا ہے۔ 

مزید خبریں :