پاکستان
Time 07 جنوری ، 2018

عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے شادی نہیں بلکہ پیشکش کی، تحریک انصاف


اسلام آباد: تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہے ابھی شادی نہیں کی بلکہ بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

پی ٹی آئی نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی تاہم ابھی شادی نہیں کی جب کہ بشریٰ مانیکا نے کوئی قدم اٹھانے سے پہلے خاندان سے مشورے کے لئے وقت مانگا ہے۔


تحریک انصاف کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ مانیکا کی جانب سے عمران خان کی پیشکش قبول کرنے کی صورت میں چیئرمین پی ٹی آئی خود عوام کے سامنے شادی کا اعلان کریں گے۔

 اس سے قبل خبریں سرگرم تھیں کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یکم جنوری کی شب لاہور میں خاتون سے شادی کرکے سال نو کا آغاز کیا اور وہاں سے اگلے روز سیدھے اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس خاتون سے شادی رچائی جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایا کرتے تھے۔

عمران خان کی تیسری بیوی کے لئے بشریٰ مانیکا کا نام خبروں میں سرگرم تھا تاہم ان کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے اپنی والدہ کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ شادی کی تردید کی۔

دوسری جانب دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ کا پروگرام ’لیکن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ 100 نہیں بلکہ 200 فیصد پراعتماد ہیں کہ عمران خان نے تیسری شادی کر لی ہے اور یہ شادی بشریٰ مانیکا کے ساتھ ہی ہوئی ہے۔

عمران خان کی شادیاں:

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پہلی شادی 16 مئی 1995 کو جمائما خان سے کی جو 9 برس بعد 22 جون 2004 کو طلاق پر ختم ہوئی۔

ان کی دوسری شادی ٹی وی اینکر ریحام خان سے ہوئی جو بمشکل 10 ماہ ہی چل سکی۔ اگرچہ عمران خان نے اس شادی کا باضابطہ اعلان 8 جنوری 2015 کو کیا تاہم ایسی اطلا عات تھیں کہ ان کا نکاح اس سے قبل نومبر 2014 کے ابتداء میں ہوا تھا۔ 

مزید خبریں :