Time 13 جنوری ، 2018
پاکستان

ڈیرہ غازی خان میں 7 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی

بچے کے ساتھ زیادتی کا واقعہ 3 روز قبل پیش آیا—فائل فوٹو

ڈیرہ غازی خان: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں پولیس نے ایک 7 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق ڈی جی خان کی تحصیل تونسہ کی کچی آبادی کے رہائشی عبدالحمید نے پولیس تھانہ سٹی میں درخواست دی کہ ان کا 7 سالہ بیٹا اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا، جسے ان کا پڑوسی بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا۔

بچے کے والد کے مطابق ملزم نے بچے کو اپنے گھر لے جا کر جنسی طور پر ہراساں کیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 3 روز قبل پیش آیا، جبکہ میڈیکل رپورٹ میں بچے سے زیادتی کی تصدیق ہونے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں ڈی جی خان کے علاقے قصبہ کالا میں بھی ایک 12 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی گئی تاہم بچی کے شور مچانے پر ملزم بھاگ گیا۔

پولیس نے اس واقعے کا بھی مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے دی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ پنجاب میں بچوں سے زیادتی کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

4 جنوری کو گھر سے ٹیوشن کے لیے نکلنے والی 7 سالہ زینب کی لاش 4 دن بعد قصور میں ایک کچرہ کنڈی سے برآمد ہوئی تھی، جسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز بھی ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں کھیتوں سے چھٹی جماعت کے ایک طالب علم کی لاش ملی تھی۔

اس سے قبل فیصل آباد میں بھی کھیتوں سے نویں جماعت کے ایک طالب علم کی لاش برآمد ہوئی تھی، جسے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :