Time 12 فروری ، 2018
پاکستان

ایم کیو ایم میں پرویز مشرف کے مائنس ٹو فارمولے پر عمل ہورہا ہے، فاروق ستار


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم میں مائنس ٹو فارمولے پرعمل ہورہا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مائنس ون کو بھی کارکنوں نے بڑی مشکل سے قبول کیا تھا، نام نہاد رابطہ کمیٹی کسی کے ہاتھوں میں استعمال ہورہی ہے۔

فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ یہ سابق صدر پرویز مشرف کا فارمولا ہے، فروغ نسیم نے پارٹی رہنماؤں کو کہا کہ فاروق ستار میں دم نہیں پرویزمشرف ہی اصل لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم جو رابطہ کمیٹی کو تجاویز دے رہیں ہیں برائے مہربانی وہ بند کریں اور قوم کو مزید تقسیم ہونے سے بچائیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ 25 صوبائی ارکان اسمبلی میرے ساتھ ہیں جبکہ 12 ارکان بہادرآباد والوں کے ساتھ ہیں، میرے ساتھ موجود لوگوں کوفون کالزآرہی ہیں کہ بتائیں کون سا عہدہ چاہیے۔

فاروق ستار سے کہا ٹکٹ جسے دینا ہے دیں مگر پارٹی اس طرح نہ چلائیں، خالد مقبول

فاروق ستار کو کنوینر کے عہدے دے ہٹا کر رابطہ کمیٹی کی حمایت سے پارٹی کے کنوینر بننے والے خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ فاروق ستار پارٹی کے کارکن ہے، وہ دوبارہ آئیں گے تو شائد دوبارہ پارٹی سربراہ بن جائیں۔

جیو نیوز کے پروگرام شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کئی بارفاروق بھائی سے کامران ٹیسوری سے متعلق پوچھا تھا، ان سے پوچھا کہ آخر کامران ٹیسوری کو لینے کی کیا مجبوری ہے؟

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کا ٹکٹ مسئلہ نہیں تھا، کامران ٹیسوری کوفاروق ستار نے ڈپٹی کنوینر بنوایا، پارٹی کی اکثریت نے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر بنانےکی مخالفت کی تھی، فاروق بھائی نے کہا ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر نہ بنایا تو پارٹی چھوڑ دوں گا۔

خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے فاروق ستار سے کہا کہ ٹکٹ جس کودینا ہے دے دیں مگرپارٹی کواس طرح نہ چلائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر نہیں کنوینر بنایا تھا، پارٹی کے لوگوں کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی کے اختیارات ٹیسوری کی جیب میں ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق ستار پارٹی کے کارکن ہیں وہ دوبارہ آئیں گے تو شائد دوبارہ سربراہ بن جائیں، اگرفاروق بھائی کو لگتا ہے کہ کنوینر کے اختیار کم ہیں تووہ آئیں اور ڈپٹی کنوینر بنیں۔

فاروق ستار کی جانب سے انٹراپارٹی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 17 فروری کو ہونے والا اجلاس ایم کیو ایم کا نہیں۔

مزید خبریں :