پاکستان
Time 13 فروری ، 2018

کبھی نہیں کہا مشرف کو ایم کیو ایم کا سربراہ بنائیں، فروغ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر دو افراد کے سامنے یہ کہا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا زمانہ کراچی کے لیے سب سے اچھا تھا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ مشرف کو ایم کیو ایم کا سربراہ بنائیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف ان کے بڑے بھائی کی طرح ہیں، وہ ان کی عزت کرتے ہیں۔

فروغ نسیم نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ پرویز مشرف ایم کیوایم کے لیڈربنیں، ایئرپورٹ پر دو افراد کے سامنے یہ کہا تھا کہ فوجی حکومتوں کا زمانہ کراچی کے لیے سب سے اچھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے مشرف کا وقت اچھا تھا، اس کے مطلب یہ نہیں کہ مشرف کو ایم کیوایم کا سربراہ بنائیں۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے جیو نیوز کے ہی پروگرام میں کہا تھا کہ ایم کیوایم میں ’مائنس ٹو فارمولے‘ پر عمل ہورہا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ مائنس ون کو بھی کارکنوں نے بڑی مشکل سے قبول کیا تھا، نام نہاد رابطہ کمیٹی کسی کے ہاتھوں میں استعمال ہورہی ہے۔

فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ یہ سابق صدر کا فارمولا ہے، فروغ نسیم نے پارٹی رہنماؤں کو کہا کہ فاروق ستار میں دم نہیں پرویز مشرف ہی اصل لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم جو رابطہ کمیٹی کو تجاویز دے رہیں ہیں برائے مہربانی وہ بند کریں اور قوم کو مزید تقسیم ہونے سے بچائیں۔

مزید خبریں :